راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے فیض آباد چوک پر دو موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی جاری ہے اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں فیض آباد کے مقام پر پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان دن سے ہی تصادم جاری ہے اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے بھی پتھراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے فیض آباد پر ہوٹلوں کے شیشے توڑدئیے اور 2 موٹر سائیکلیں نذر آتش کر دیں، ایک موٹر سائیکل آن لائن بائیک چلانے والے کی تھی جس کا روزگار جل کر راکھ ہوگیا اور بائیک والا خون کے آنسو روتا رہا۔
متاثرہ بائیک رائیڈر اشتیاق کا کہنا تھاکہ والد کی وفات کے بعد بائیک چلا کر گھر کا گزارہ چلا رہا ہوں، 8 بہن بھائیوں کو میں اور ایک بھائی آن لائن بائیک سروس کے ذریعے کام کر کے گزر بسر کر رہے ہیں، میں نویں جماعت کا طالب علم ہوں اور اپنی تعلیم کا خرچ بھی اسی روزگار سے پورا کرتا تھا۔
مظاہرین نے پولیس ملازم لال خان کی بھی موٹرسائیکل جلائی اور مذکورہ پولیس اہلکار کا کہنا تھاکہ ناکے پر ڈیوٹی پر موجود تھا کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین نے میری موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔
فیصل آباد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم، 2 موٹر سائیکلیں نذر آتش
11:53 PM, 4 Nov, 2022