لاہور : ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مایوسی ہوئی ۔حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے ٹویٹ کیا کہ اب سے کچھ دیر قبل تحریک انصاف کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس ختم ہوا، اجلاس میں ڈاکٹرز نے عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے۔ اجلاس نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔
فواد چودھری نے کہا کہ اجلاس نے آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور آئی جی کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس نے اقدام قتل کے اس واقعے کو مذھبی رنگ دینے کی سازش کی مذمت کی اس ضمن میں سوشل میڈیا اور میڈیا میں مخصوص صحافیوں کے بیانات اور ملزم کی ویڈیو لیکس کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے اور اس سازش سے متعلق اہم امور پر قوم کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ حقیقی آزادی احتجاج ہر صورت میں جاری رہے گا۔