اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما ہے ۔ عمران خان نے جلسوں میں وقتاً فوقتاً مذہب سے متعلق لکیر کو کراس کیا ۔ عمران خان کے بیانات کی وجہ سے ایک جنونی شخص نے فائرنگ کی ۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کل ہونے والا واقعہ ہمارے لئے باعث شرمندگی ہے ۔ عمران خان کی جانب سے جن ناموں کا بغیر سوچے سمجھے نام لیا گیا وہ باعث افسوس ہے ۔ اُن کیخلاف ہونے والے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی ، اس واقعہ کو جن ناموں سے جوڑا گیا اور جن اداروں کا نام لیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے ، واقعہ کو سیاست کی نذر کیا گیا تو تحقیقات متاثر ہوسکتی ہیں ۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ حملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے ۔ پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہتا ہوں وہ اس معاملے کو سیاست کی نذر نہ کریں اور معاملے کی تحقیقات ہونے دیں ، جب حقائق سامنے آجائیں تو اس پر بات کریں ۔ تحقیقات سے نظر آرہا ہے واقعہ کے پیچھے مذہبی جنون کارفرما ہے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کیلئے کہا جارہا تھا لاشیں گریں گی ، 4 لوگ اب تک شہید ہوچکے ہیں ۔ تمام شہید ہونے والے افراد کے ساتھ کنٹینر کا کہیں نہ کہیں تعلق بنتا ہے ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ احسن اقبال کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ، میرے اوپر سیاہی پھینکی گئی ، ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور کسی کیخلاف کوئی بیان بازی یا الزام نہیں لگایا ۔ چاہتے ہیں لانگ مارچ اور اس کے پیچھے افراد بے نقاب ہونے چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جتنے واقعات ہوئے ان کا کوئی حل سامنے نہیں آیا ، بہت سے ایسے سوالات ہیں جن کا جواب ابھی تک قوم کو نہیں مل سکا ۔ لیاقت علی خان کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کا بھی کوئی جواب نہ مل سکا ۔ ذوالفقار بھٹو کی شہادت کے واقعہ کا ججز کی وجہ سے جواب مل گیا تھا ۔