واشنگٹن : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالکان نے آج سے اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایک ہفتے تک کمپنی کے مستقبل کے بارے میں غیریقینی والی صورتحال تھی تاہم اب کمپنی نے عارضی طور پر اپنے دفاتر کو بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کمپنی نے اس سلسلے میں اپنے تمام ملازمین کو ای میل کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج ان کی قسمت کا فیصلہ کردیا جائے گا۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی بہتری کے لیے وہ جمعہ کو اپنی عالمی افرادی قوت کم کرنے کے مشکل عمل سے گزریں گے۔ وہ ملازمین جو برطرفی سے متاثر نہیں ہوں گے، انہیں ان کے کام کے بارے میں خط کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے ساڑھے سات ہزار ملازمین میں سے آدھے فارغ کردیئے جائیں گے۔