کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی نشست سے دیا گیا استعفی مسترد ہونے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’’ہن میں کی کراں‘‘۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف اور قومی اسمبلی سے ان کا استعفیٰ مسترد کردیا ہے جب کہ اسپیکر آفس نے اعتراضات کے ساتھ استعفیٰ واپس بھیج دیا۔
انہوں نے پنجابی میں لکھا کہ ’’ہن میں کی کراں‘‘ اس کے جواب میں وفاقی وزیرعلی زیدی میدان میں آ گئے۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہ عامر بھائی پھر غصہ تھوک دیں اور واپس کام پر لگ جائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کی رکینیت سے استعفیٰ دے دیا ہے، 'اللہ تعالی عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و ناصر ہو'۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور اس کی وجہ کراچی میں بجلی بحران کے حل کے لیے کچھ نہ کرپانے کو قرار دیا تھا۔ تاہم چند روز بعد ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ان کا رکنیت سے استعفیٰ مسترد کردیا تھا اور کراچی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔