اسلام آباد:آئی ٹی ایکسپورٹ میں فری لانسرز کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی فری لانسرز نے 10 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز کمائےفری لانسرز کی کمائی کا تناسب گذشتہ برس کے مقابلے 21 اعشاریہ 37 فیصد رہا۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی فری لانسرز نے 10 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز کمائے۔گزشتہ برس اسی عرصے میں فری لانسرز نے 8 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز کمائے تھے،مجموعی آئی ٹی ایکسپورٹ 63 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز میں فری لانسرز کا حصہ 16 اعشاریہ 68 فیصد ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے امید ہے جلد ہی فری لانسرز مجموعی آئی ٹی ایکسپورٹ میں اپنا حصہ 16 سے بڑھا کر 50 فیصد پر لے جائیں گے، اربوں ڈالرز کی عالمی مارکیٹ سے پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں اور فری لانسرز اپنا جائز حصہ لینے کیلئے کوشاں ہیں۔