اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کے حوالے سے طریقہ کار بتا دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے تخصیص غربت و سماجی تحفظ ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کے لیے پیر سے ویب پورٹل فعال ہوجائے گا۔
ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کے لیے پیر سے ویب پورٹل کھل جائے گا، موبائل اور شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کرائی جاسکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 31 ہزار سے کم تنخواہ والے افراد احساس راشن پروگرام کے لیے درخواست دینے اہل ہوں گے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2 کروڑ خاندانوں کے لیے 120 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں، انہیں آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے۔ 40 لاکھ خاندانوں کو بلا سود قرض دینے کا پروگرام لا رہے ہیں جب کہ کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔
عمران خان نے کہا کہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں صحت کارڈ لا رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ مل چکے ہیں، کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب میں بھی سب خاندانوں کو صحت کارڈ دیں گے جس سے وہ 7 سے 10 لاکھ روپے کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں اور فیکٹری مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیٹھ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں دو بڑے خاندان جنہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے وہ آدھا واپس کر دیں تو میں وعدہ کرتا ہوں تمام اشیاء کی قیمتیں آدھی کر دوں گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم نے غریب ظبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے حکومت کو عوام اور اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔