لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 مرحلے میں گزشتہ روز افغانستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ کے فکس ہونے سے متعلق اپنے خیالات کااظہار کر دیا ہے۔
گزشتہ روز افغانستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ کے فکس ہونے سے متعلق لاتعداد پوسٹس کی جا رہی ہیں اور شائقین کرکٹ اس حوالے سے طرح طرح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔ ان سب باتوں کا موقع افغانستان کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد شائقین کرکٹ کو ملا جن کی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ قطعی طور پر بھی بین الاقوامی معیار کی نظر نہ آئی اور سونے پہ سہاگہ یہ کہ رن ریٹ بہتر بنانے کیلئے 60 رنز کی جیت کا متلاشی بھارت 66 رنز سے کامیاب ہوا اور یوں سیمی فائنل میں رسائی کی دوڑ میں ایک بار پھر شامل ہو گیا۔
تاہم وسیم اکرم نے میچ فکس ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلوم نہیں لوگ ایسی باتیں کیوں کرتے ہیں۔ بھارتی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور یہ سچ ہے کہ ان کے برے دن چل رہے تھے جس کے باعث وہ ابتدائی دو میچز ہار بھی گئے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ افغانستان کے خلاف میچ فکس تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی افغانستان کے خلاف فتح پر اس میچ کو ’فکسڈ‘ قرار دینا بے بنیاد ہے اور لوگوں کو اس طرح کی باتوں پر بالکل بھی توجہ نہیں دینی چاہئے۔