ثقلین مشتاق کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان

ثقلین مشتاق کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی ٹیم کے سابق سپنر ثقلین مشتاق کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جو اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کیساتھ ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق وقت کی کمی کے باعث ثقلین مشتاق ہی بنگلہ دیش ٹور پر ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے اور اس کے علاوہ ٹیم کنسلٹنٹس کی مزید تعیناتی سے متعلق بھی ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر سے بھی کوچز کو سپورٹ سٹاف میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے بعد مستقل کوچز کی تقرری کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس مستعفی ہو گئے تھے جس پر ثقلین مشتاق کو قومی ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا جبکہ میتھیو ہیڈن بیٹنگ کوچ اور ویرنون فلینڈر کو باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم شیڈول کے مطابق 15 نومبر کو دبئی سے بنگلہ دیش روانہ ہو گی اور پہلا ٹی 20 میچ 19 نومبر کو کھیلے گی۔ پی سی بی کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ پہلے سے کرائی جاچکی ہے جبکہ سکواڈ کا اعلان سیمی فائنل میچز کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی سے متعلق پلان میں فی الحال تو کسی بھی طرح کی تبدیلی زیر غور نہیں تاہم فائنل میچ جیتنے کی صورت میں کوش کی جائے گی کہ دبئی سے لاہور یا کراچی ایک سے دو گھنٹوں کے ٹرانزٹ کے بعد قومی سکواڈ کو ڈھاکہ روانہ کیا جائے۔