نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز یووراج سنگھ نے ریٹائرمنٹ کے دو سال بعد ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سٹار کرکٹر یووراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا ۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں انہوں نے لکھا کہ خدا آپ کی تقدیر کا فیصلہ کرتا ہے! عوام کی پرزور فرمائش پر اگلے سال فروری میں کھیل کے میدان میں نظر آؤں گا ۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ بھی ادا کیا۔
یووراج سنگھ نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے، بھارت کی اسی طرح حمایت کرتے رہیں، ایک حقیقی مداح مشکل وقت میں ٹیم کو سپورٹ کرتا ہے۔
بھارتی بلے باز یووراج سنگھ اپنی دھواں دھار بیٹنگ کی وجہ سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں خاصی شہرت رکھتے ہیں انہوں نے ٹی 20 مقابلے میں انگلش باؤلر براڈ کے ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگا نے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا ۔
واضح رہےکہ کرکٹ ورلڈکپ 2011 کے بعد یووراج سنگھ میں کینسر کے مرض کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہونا پڑا۔
صحت یاب ہونے کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل ہوئے اور وقفے وقفے سے ٹیم میں ان اور آؤٹ ہوتے رہے۔
تاہم جون 2019 کو ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا ۔