سڈنی : آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے کہا ہے کہ کینگروز کا اب پہلے والا ڈر نہیں رہا ۔ اب آسٹریلیا سے کوئی بھی ٹیم نہیں ڈرتی جبکہ ماضی میں ایسا نہیں تھا ۔
آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں شین وارن نے کہا کہ ماضی میں آسٹریلیا کا دورہ کرنے قبل ٹیمیں کہتی تھی کہ ہم کنگروز کا مقابلہ کرنے کے لیے خوب جان لڑائیں گے۔لیکن اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور آج جو بھی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر ہوتی ہے وہ یہ سوچ کر آتی ہے کہ وہ کنگروز کو شکست دے سکتی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آسٹریلوی ٹیم کی دوسری ٹیموں پر دھاک بیٹھی ہوتی تھی جو اب نہیں ہے ۔
سپن باؤلر کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کرکٹ کو ماضی کی پوزیشن پر لانے کے لئے بہت محنت کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے لوگوں کو لانا اور ینگ ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کرکٹ کا فارمیٹ تبدیل ہوا ہے ایسے ہی کھلاڑیوں کے مزاج بھی بدل گئے ہیں ۔ اب ہر فارمیٹ کے لئے الگ الگ مزاج کے کھلاڑی چنے جارہے ہیں ۔
شین وارن کا کہنا تھا کہ جب کوئی بڑا ایونٹ ہوتا ہے تو سب ٹیموں کی تیاری سامنے آجاتی ہے پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا ۔ شین وارن کا کہنا تھا کہ ماضی میں ٹیموں کا مورال اپ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ میچز ہوتے تھے لیکن آج کل میڈیا کا رول سب سے اہم ہوچکا ہے ۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے52 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور گگلی ایکسپرٹ شین وارن نے 145 ٹیسٹ میچز میں 708 وکٹ لئے جبکہ 194 ون ڈے میچز کھیل کر 293 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں ۔