کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ

09:22 AM, 4 Nov, 2021

اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 19 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 580 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ایک بار پھر کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق   گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 43901 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 580 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 19 افراد انتقال کرگئے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.32 فیصد رہی۔

 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28496 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 75158 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 554 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 24085 ہوگئی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی کمی اور علاج کے باعث وائرس کے اثرات کوزائل کرنے کا سلسلہ جاری ہے دوسری طرف کورونا ویکسی نیشن کا عمل بھی چل رہا ہے ۔ تاہم حکام کی طرف سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی جارہی ہے ۔

مزیدخبریں