واشنگٹن: امریکا میں ہونے والے نئے صدر کے انتخابات کے لئے پولنگ کے بعد الیکٹورل ووٹنگ کے نتائج کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن کو ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔ امریکی میڈیا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جوبائیڈن کو 238 الیکٹورل ووٹ پڑے ہیں جبکہ ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو 213 الیکٹورل ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔
این بی سی نیوز کے مطابق ریاست وسکونسن میں جوبائیڈن نے میدان مار لیا ہے جہاں 10 الیکٹورل ووٹ موجود ہیں۔
امریکی ریاست وسکانسن میں جوبائیڈن ٹرمپ سے آگے نکل ہیں۔ فاکس نیوز کے مطابق تاحال 95 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی ہے ۔ وسکانسن کے 10 الیکٹورل ووٹ ہیں۔ پہلے اس ریاست میں ٹرمپ آگے تھے لیکن ایک دم سے بازی پلٹی اور جوبائیڈن اعشاریہ تین فیصد ٹرمپ سے آگے نکل گئے۔
امریکی صدارتی انتخابات میں 50 ریاستوں میں سے بات اب چند ریاستوں پر آ گئی ہے۔ سوئنگ اسٹیٹس جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں دونوں امیداروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے اور جارجیا میں 16 الیکٹورل ووٹ اور نارتھ کیرولینا میں 15 ہیں۔
اسی طرح 20 ووٹوں والی ریاست پنسلوانیا اور 16 ووٹوں والی مشی گن میں ٹرمپ کو واضح برتری حاصل ہے ۔ دوسری جانب 6 ووٹوں کی حامل ریاست نیواڈا میں جوبائیڈن ٹرمپ سے آگے ہیں۔ ریاست جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر بننے کے لیے دونوں امیدواروں کو 270 ووٹ درکار ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کی طرف سے کامیابی کے دعوے کیے گئے ہیں تاہم دونوں امیدواروں کو 7 ریاستوں کے نتائج پر انحصار ہے۔
امریکی میڈیا کی جانب سے آنے والی رپورٹس کے مطابق 2016 کے مقابلے میں ٹرمپ کے ووٹس میں اضافہ ہو گیا ہے۔ 2016 میں ہیلری کلنٹن کے خلاف ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 کروڑ 29 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ اب 2020 کے انتخابات میں ٹرمپ اب تک 6 کروڑ 29 لاکھ 58 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔
عالمی وبا کی وجہ سے امریکیوں کی ایک بڑی تعداد ڈاک کے ذریعے اپنے ووٹ پہلے ہی بھجوا چکی ہے جن کی گنتی کرنے میں زیادہ وقت لگے گا۔