گلگت بلتستان انتخابات صاف، شفاف اور آزادانہ ہونگے، چیف الیکشن کمشنر

10:23 PM, 4 Nov, 2020

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا الیکشن صاف، شفاف اور آزادانہ ہو گا اور دھاندلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ بلاول بھٹو نے ابتدائی طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور اب پی ٹی آئی کے وزراء و دیگر بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کل پچانوے شوکاز نوٹسز جاری کر چکے ہیں ۔ آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسز جاری کئے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انتخابات کو صاف شفاف بنانے اور عالمی وبا سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے سے متعلق جامع مشاورت کیلئے تین بار آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی جس میں اتفاق رائے سے ضوابط بھی بنائے گئے۔

راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ابتدائی طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور اب پی ٹی آئی کے وزراء علی امین گنڈاپور، مراد سعید و دیگر بھی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

 چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے ووٹرز کی سہولت کے لئے آن لائن سروسز دی گئی ہے اور اس دفعہ الیکشن میں فوج کا کوئی عمل و دخل نہیں ہو گا، پولیس رینجرز اور ایف سی کے اہلکار الیکشن سیکورٹی دیں گے۔ الیکشن ایکٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کیا جائے گا اور الیکشن کو۔ہرصورت صاف، شفاف اور آزادانہ بنایا جائے گا۔ 

مزیدخبریں