لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ فردوس آپا آپ کو کافی تگ و دو کے بعد نئی نوکری مبارک ہو اور امید ہے آپ یہاں اشتہاروں میں کمیشن کا مطالبہ نہیں کریں گی۔
عظمی بخاری نے فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فردوس باجی آپ کے آنے سے اپوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑا لیکن آپ پر سپریم کورٹ اعتراض کر چکی ہے جبکہ فردوس عاشق کی تعیناتی پر پی ٹی آئی کے لوگوں کو بھی تحفظات ہیں اور فردوس عاشق نے پہلے دن ہی غلط بیانی سے آغاز فرمایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کسانوں کے احتجاج میں کوئی فوٹو سیشن نہیں کرانے گئی بلکہ پی ٹی آئی نے پانچ سال اپنی سیاسی دکان فوٹو سیشن پر ہی چلائی ہے۔ فردوس باجی اپنی معلومات درست کر لیں ہمارے دور میں کسانوں کیلئے سو ارب کا کسان پیکج دیا گیا تھا ۔ مسلم لیگ (ن) نے زرعی آلات، ادویات اور کھاد پر سبسڈی دی اور ہمارے دور میں کسان خوشحال تھا اب تحریک انصاف نے کسان کو بدحال کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فردوس آپا آپ نے چھوٹے کاشتکاروں کی بجائے گنے کے بڑے مگر مچھوں کو پالا اور انہی بڑے مگر مچھوں کو اربوں کی سبسڈی دی۔ فردوس عاشق نے بھی آج کسانوں کی بدحالی پر مگر مچھ کے آنسو بہانے کی کوشش کی اور ہمارے دور میں عام آدمی کو سبزیاں، آٹا، چینی مل رہی تھی لیکن اس نالائق حکومت سے کوئی شخص خوش نہیں پورا پاکستان سڑکوں پر ہے اور کیا ہی اچھا ہوتا اگر فردوس عاشق اعوان نے بات کرنے سے پہلے تول لیا ہوتا اور پھر بولا جاتا تاکہ شرمندگی نہ ہوتی۔