لاہور: صوبائی معاون خصوصی اطلاعا ت فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نئی ذمہ داری دینے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا میرا نوٹیفکیشن اپوزیشن پر توپ بن کر گرا جبکہ جسے گھر والے بھی نہیں جانتے وہ بھی میرے خلاف تبصرے کر رہے ہیں اور سب کو برنول کی مفت آفر ہے۔
صوبائی معاون خصوصی اطلاعات نے کہا جاتی امرا پاکستان میں ہو یا ہندوستان میں بیانیہ ایک ہی ہے اور ہم ایسے بیانیے کو روکیں گے کیونکہ سیاسی ٹولہ کسی بھی بات کو بہانہ بنا کر ایشو بنا دیتا ہے اور اب سیاسی اختلافات اور لڑائیوں سے عوام تنگ آ چکے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اندورنی اور بیرونی دشمنوں کا ایجنڈا ناکام بنانا ہے جبکہ عوام پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں اور سابق ادوار میں نابینا افراد پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور اس کے علاوہ نابینا افراد پر لاٹھیاں برسائی گئیں جبکہ یہ وہی لوگ ہیں جو اپنے دور میں کسانوں پر عذاب مسلط کرتے رہے اور یہ لوگ بھول گئے ہیں یہ وہی مال روڈ ہے جہاں کسان بوریوں کو آگ لگاتے تھے اور آج میرا پہلا دن ہے اس لئے اپوزیشن کے مورچوں پر بم گرانا نہیں چاہتی۔
انہوں نے کہا اس سیاسی ٹولے کے تمام سیاہ کرتوت عوام کے سامنے ہیں اور ن لیگ نے اپنے دور میں کسانوں کو کیوں خوشحال نہیں کیا آج پریس کانفرنس میں فوٹو شوٹ ہو رہا تھا اور ماضی میں لیگی دور میں گنے کے کاشتکار کو ریلیف نہیں دیا گیا تھا جبکہ چند لوگوں کوفائدہ دینے کیلئے زرعی پالیسی بنائی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ پر فردوس عاشق اعوان کو تعینات کرنے کا ںوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔