کورونا سے پاکستان سے مزید 18 ہلاکتیں، 747 کی حالت تشویشناک

Corona virus, Pakistan, Covid-19, Lock Down
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے اپنے اثرات دکھانا شروع کر دیئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اس موذی مرض کے ہاتھوں مزید 18 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ کنفرم کیسز کی تعداد 3 لاکھ 37 ہزار 5 سو 73 ہے جبکہ اس مرض سے مجموعی طور پر اب تک 6 ہزار 8 سو 67 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جبکہ 3 لاکھ 16 ہزار 60 مریض اس مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چھبیس ہزار پانچ سو پینسٹھ ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار تین سو تیرہ نئے کیسز سامنے آئے۔ اب تک پاکستان میں 45 لاکھ 41 ہزار 392 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک چار ہزار چار سو پندرہ، گلگت میں چار ہزار تین سو چھ، صوبہ بلوچستان میں سولہ ہزار، خیبر پختونخوا میں انتالیس ہزار آٹھ سو 89، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ سینتالیس ہزار دو سو بانوے، اسلام آباد میں بیس ہزار چار سو اکہتر اور صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ پانچ ہزار ایک سو ستانوے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک ننانوے، صوبہ بلوچستان میں ایک سو باون، اسلام آباد میں دو سو چوبیس، خیبر پختونخوا ایک ہزار دو سو اکیاسی، صوبہ سندھ میں دو ہزار چھ سو انتالیس اور صوبہ پنجابمیں دو ہزار تین سو اسی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے عوام کو بار بار ہدایات کی جا رہی ہیں کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے۔ وہ اگر چاہتے ہیں کہ اس موذی مرض سے بچا جائے تو برائے مہربانی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکام نے مختلف شہروں میں کورونا وائرس بڑھنے کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈائون پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔