آزادی مارچ ، بلاول بھٹو کا اصولوں پر کمپرومائز نہ کرنے کا اعلان

07:15 PM, 4 Nov, 2019

اوچ شریف: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دباؤ کے باوجود اصولوں پر کمپرومائز نہیں کریں گے، ہم عوام کے مسائل کے حل کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اوچ شریف میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ میں عوام کٹھ پتلی کو گھر بھیجنے کے لیے باہر نکلے ہیں۔ ہم نے مولانا کا جلسے کی حد تک ساتھ دیا۔

 

بلاول بھٹو نےکہاکہ  اگر دھرنے میں بیٹھنا پڑے گا تو پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کی اجازت چاہیے ہوگی۔ کارکن مشورہ دیں، کیا ہمیں بھی دھرنے میں شامل ہونا چاہیے؟ اگرآپ مشورہ دیں توآپ کی تجاویز سی ای سی میں رکھوں گا۔

 

بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب اور عوام دشمن حکومت ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ غریب کو روزگار دیا۔ دوسری جانب غریب دشمن حکومت نے غریبوں کے بجائے امیروں کو ریلیف دیا۔ ہم عوام کے ووٹوں سے عوامی حکومت بنائیں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ ملک میں بجلی، گیس اور ڈالر بھی مہنگا ہو چکا ہے۔ موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں دھکیل دیا ہے۔

مزیدخبریں