احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی تصاویر جاری کردی گئیں

احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی تصاویر جاری کردی گئیں
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد:تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج اور دھرنے کے دوران املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف حکومت کی جانب سے بڑا ایکشن شروع کردیا گیا ہے اور شرپسند عناصر کی تصاویر جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے مسیحی خاتون آسیہ بی بی سے متعلق فیصلے کے بعد احتجاج کے دوران شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شر پسند افراد کی شناخت کے لیے پولیس اور ایف آئی اے کی معاونت کی جائے۔

وزارت داخلہ نے شرپسندوں کی شناخت کی صورت میں ایف آئی اے اور پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات بھی جاری کردیے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی مزید تصاویر بھی جاری کی جائیں گی۔


خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز املاک اور عام افراد کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

لاہور میں سڑکیں بلاک کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں تحریک لبیک کے رہنما افضل قادری اور خادم حسین رضوی سمیت 500 افراد کے خلاف 11 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔