نیو یارک:بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری نے اگر روہنگیا کے بےگھر بچوں کی غذائی قلت کے مسئلے کو حل نہیں کیا تو بچوں کی وسیع پیمانے پر اموات کا مشاہدہ کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے، یونیسف کے ترجمان کرسٹوف بولیارک نے میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں کی صورت حال کے بارے میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں پناہ گزیں کیمپوں کی صورت حال رہائش کے لئے بالکل مناسب نہیں ہے اور وہاں ناقص انتظامات ہیں۔
انھوں نے ان کیمپوں میں غذائی اشیا کی قلّت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر روہنگیا پناہ گزینوں کے ایک چوتھائی بچے شدید غذائی قلت سے دوچار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غذائی قلت کے شکار بچوں کی یہ تعداد بہت زیادہ ہے اور اگر اس مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو ان بچوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ ان بچوں کو فوری امداد کی اشد ضرورت ہے ورنہ ان کی نسل تباہ ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ میانمار کے صوبے راخین میں میانماری فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کے حملوں میں چھے ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان جاں بحق، آٹھ ہزار سے زائد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔