سنجے لیلا بھنسالی اب امرتا اور ساحر پر فلم بنائیں گے

09:33 PM, 4 Nov, 2017


ممبئی:بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی تو جلد ریلیز کے قریب ہے، تاہم ہدایت کار نے اپنی نئی فلم اور اس کے کردار ابھی سے فائنل کرلیے ہیں۔سنجے لیلا کی اگلی فلم نامور شاعر ساحر لدھیانوی اور شاعرہ امریتا پریتم کی اصل زندگی کے رومانس پر مبنی ہے جس کا نام گستاخیاں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اس فلم میں دپیکا پڈوکون امریتا پریتم اور ابھیشیک بچن ساحر لدھیانوی کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دپیکا سے قبل یہ کردار پریانکا چوپڑا کو آفر ہوا تھا، تاہم انہوں نے کسی ذاتی وجہ کے باعث اس سے معذرت کرلی۔اس فلم کی پروڈکشن سنجے لیلا بھنسالی کریں گے، جبکہ ہدایات جسمیت رین دیں گی، جن کی یہ پہلی فلم بھی ہوگی۔خیال رہے کہ یہ وہی فلم ہے جس میں ساحر لدھیانوی کے کردار کی آفر پہلے پاکستانی اداکار فواد خان کو کی گئی جبکہ بعدازاں عرفان خان کو یہ کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کیا گیا، تاہم آخر کار ابھیشیک بچن اس رول کے لیے فائنل کیے جاچکے ہیں۔

ابھیشیک بچن نے فلم کی تیاری بھی شروع کردی ہے، جبکہ انہوں نے ساحر لدھیانوی کی غزلیں سننا بھی شروع کردی ہیں، اس کردار کو ادا کرنے میں ابھیشیک کے والد امیتابھ ان کی مدد کریں گے کیوں کہ وہ ساحر لدھیانوی سے ملاقات کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ یہ دپیکا پڈوکون کی سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ چوتھی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ گولیوں کی راس لیلا رام لیلا اور باجی را مستانی میں کام کرچکی ہیں۔جبکہ ان کی نئی فلم پدماوتی بھی یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کردی جائے گی۔

مزیدخبریں