لاہور:پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں جارح مزاج بلے باز عمران نذیر ملتان سلطان کی نمائندگی کریں گے۔ عمران نذیر کافی عرصے سے کرکٹ کے میدانوں سے انجری کی وجہ سے باہر ہیں لیکن اب انہوں نے انجری مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر لیا ہے اور وہ کرکٹ کے میدان میں ایک بار اپنے دبنگ بلے بازی سے کرکٹ شائقین کو محظوظ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل میں شامل ہونے والی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز نے عمران نذیر کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ 35 سالہ جارح مزاج بیٹسمین 2014ءمیں کے سر پر گیند لگنے اور فٹنس مسائل کی وجہ سے کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے۔ انہوں نے آخری انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ 2012ءمیں کھیلا تھا تاہم اب انہیں پی ایس ایل کی صورت میں ایک ایسا پلیٹ فارم میسر آ گیا ہے جہاں عمدہ کارکردگی دکھا کر ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم میں شامل ہونے کیلیے راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران نذیر پاکستان کی جانب سے 79 ون ڈے میچز میں 2 سنچریز اور 9 ففٹیز کی مدد سے 24.61 کی اوسط سے 1895 رنز بنا چکے ہیں، 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں انہوں نے 3 ففٹیز کیساتھ 21.73 کی اوسط سے 500 رنز بنا رکھے ہیں۔