اسلام آباد: پاکستان کے ڈاکٹر شہزاد بیگ شعبہ صحت میں 2024ء کی 100 عالمی رہنماؤں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔
عالمی سطح پر نامزدگی ڈاکٹر شہزاد کی قیادت اور پولیو خاتمے کے لیے کوششوں کا اعتراف ہے۔ڈاکٹر شہزاد بیگ کا نام عالمی فہرست میں شامل ہونا عالمی سطح پر پاکستان کے لیے اہم ہے، وہ واحد پاکستانی ہیں جنہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے حوالے سے ٹیم کی قیادت کرنے سے قبل ڈاکٹر شہزاد بیگ نائجیریا میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طورپر خدمات سرانجام دے چکے ہیں، ان کی کوششوں کی وجہ سے نائجیریا کو 2020 میں پولیو سے پاک قرار دیا گیا ہے۔
ٹائم میگزین نے ڈاکٹر شہزاد بیگ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں حکومت نے صرف ایک سال میں 9 کروڑ سے زائد بچوں کو ٹیکہ لگانے کے لیے 4 لاکھ ویکسی نیٹرز اور 80 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں۔