اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں تین سال سے قید افغان شہری جنت گل کو پی او کارڈنہ ہونے پر ڈی پورٹ کرنے کا حکم دے دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نےآرڈر جاری کیے۔انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے افغان شہری جنت گل اپنے خاندان سے بجھڑنے پر مجبور ہے۔ جنت گل کا سارا خاندان پاکستان میں مقیم ہے جبکہ جنت گل پی او کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے افغانستان جائے گا۔
افغان شہری راجہ شیراز جنجوعہ نے عدالت میں بتایا کہ افغان شہری تمام مقدمات میں بری ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں 3 سال سے قید ہے،افغان شہری جنت گل پر تھانہ گولڑہ میں دو مقدمات درج تھے دونوں میں عدالت سے بری ہو گیا۔
عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو درخواست بھی دی گئی اس پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا، جنت گل کے پی او آر کارڈ کی مدت جون 2023 میں ختم ہو گئی جیل میں ہونے کی وجہ سے رینیو نہیں کیا جا سکا۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شائستہ تبسم نے عدالت میں کہا کہ حکومت کی جانب سے پی او آر کارڈ کی توسیع کے لیے 31 مئی 2024 کا وقت دیا تھا وہ بھی گزر چکا ہے، نادرہ کی جانب سے ڈی پورٹ ہونے والوں کی فہرست میں جنت گل کا نام بھی شامل ہے اور پی او آر بھی لہذا ڈی پورٹ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے جنت گل کے پی او آر نہ ہونےکے باعث اسے افغانستان ڈیپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔