پنجاب، خیبرپختونخوا  ،بلوچستان کے نئے گورنرز کے ناموں کا اعلان ہوگیا

10:45 AM, 4 May, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پنجاب، خیبرپختونخوا  ،بلوچستان کے نئے گورنرز کے ناموں کا اعلان ہوگیا۔ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی نے معاہدے کے تحت پنجاب میں سردار سلیم حیدر، خیبرپختونخوا میں فیصل کریم کنڈی اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

گورنر پنجاب پیپلزپارٹی  کے راولپنڈی سے رہنما سردار سلیم حیدر ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی  خیبرپختونخوا کے گورنر بنیں گے۔مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر جعفر مندوخیل  کو   گورنر بلوچستان کیلئے نامزد کر دیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی جس میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا اور کامران ٹیسوری بطور گورنر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے مختلف نام تجویز کیے جن میں سے 2 صوبوں میں پیش کیے گئے ناموں کی وزیراعظم نے منظوری دی۔اس کے علاوہ پنجاب میں بلاول بھٹو کی تجویز پر سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے  پیپلزپارٹی کو وفاقی حکومت کا حصہ بننے کی   پھر پیشکش کی جس پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کےبعد فیصلہ کریں گے۔

مزیدخبریں