اسلام آباد : وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چیلنج دیا ہے کہ عدالت جا کر جس جس سے خطرہ ہے ثبوت دو ورنہ اپنا منہ بند کرو ۔گرفتاری کے ڈر سے چارپائی کے نیچے اور ضمانت خارج ہونے کے ڈر سے ویل چئیر کا ڈرامہ،،قوم کو گھروں سے نکالنے سے پہلے خود تو گھر سے باہر نکلو ڈرپوک۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فارن ایجنٹ بہروپیا ہے حالات کے مطابق سکرپٹ اور حلیہ بنالیتاہے۔فارن ایجنٹ تمہارے پاؤں پہ دباؤ نہیں تمہارے دماغ پہ سازشی دباؤ ہے ۔وہیل چئیر پر بیٹھ کر الزام نہیں عدالت جاکر تمہاری جان کو جس جس سے خطرہ ہے ثبوت پیش دو ۔
انہوں نے کہا کہ تمہیں خطرہ اب صرف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ ، ٹیرین کیس سے ہے اِس لئے گولی ، پلستر، ڈبے، ویل چئیر اور الیکشن کا بہانہ ہے ۔عدالت بلائے تو گولی ، پلستر ، معذوری ، بالٹی ڈبہ اور اب ویل چئیر ۔پہلے اپنی حکومت ہٹانے کا ملبہ امریکا پر ڈالا، سائیفر کا ڈرٹی کھیل کھیلا، پھر امریکا سے معافی مانگ کر جنرل باجوہ، پھر آصف زرداری اور پھر محسن نقوی پر ملبہ ڈالا ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چار سال کی ناکامیوں، اسمبلیاں توڑنے کا ملبہ جنرل باجوہ پر ڈالا ۔شہدا، اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف اندرون و بیرون ملک غلیظ مہم چلانے والا پھر الزام تراشی کر رہا ہے۔قوم کو گھروں سے نکالنے سے پہلے خود تو گھر سے باہر نکلو ڈرپوک۔پہلے کالی بالٹی سے منہ تو باہر نکالنے کا اعلان کرو پھر قوم کو باہر نکالنے کا اعلان کرنا۔چیف جسٹس کی تصویر پہ جوتے مارنے کے لئے بھی باہر نکلنے کی کال تم نے دی تھی۔