ڈرٹی ہیری میرا اور مراد سعید کا دشمن ہے، غیرملکی ایجنسی نہیں یہ لوگ میری جان لینا چاہتے ہیں: عمران خان کا پھر بغیر ثبوت الزام

11:37 AM, 4 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور :  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مجھے اور مراد سعید کو کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا۔سوجن کے باوجود عدالت جا رہا ہوں ۔ اپنے چیف جسٹس کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کی قیادت خود کروں گا۔ 

عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس عامرفاروق کی زیرسربراہی دورکنی بینچ دوپہر 2 بجے سماعت کرے گا جہاں عمران خان لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے روانگی سے قبل عمران خان نے کہا کہ میری ٹانگ میں سوجن ہے لیکن عدالت نے طلب کیا ہے اور میں یہ بتانا چاہتوں ہوں کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ہم دوسروں کی طرح نہیں ہیں کہ فیصلے ان کے حق میں نہ آئے تو ججز کے خلاف ہر طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ میں نے 3 روز قبل لاہور ہائی کورٹ کو واضح طور پر کہا ہے کہ ڈرٹی ہیری نے مجھے 2 بار قتل کرنے کی کوشش کی ہے، ایک کوشش وزیرآباد میں کی گئی جس پر بنائی جانے والی جے آئی ٹی کی تحقیقات کو اس (ڈرٹی ہیری) کی وجہ سے سبوتاژ کیا گیا کیونکہ نتائج اُس ہی کی طرف جارہے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ دوسری بار مجھے 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، اب کہہ رہے ہیں کہ مراد سعید دہشتگرد ہے لیکن اگر مراد سعید کو کچھ ہوگا تو اس کے پیچھے بھی یہ ڈرٹی ہیری ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے کوئی دہشتگرد نہیں یہ ڈرٹی ہیری ہوگا، مجھے کسی بیرونی ایجنسی سے نہیں اس آدمی اور جو بھی اس کے ساتھ ہیں اُن سے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سارے پاکستانیوں کو کال دے رہا ہوں کہ پرسوں ساڑھے 5 بجے آپ سب نے اپنے چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجتی کے لیے محلوں اور گاؤں میں ایک گھنٹے کے لیے باہر نکلنا ہے کیونکہ اس وقت مافیا چیف جسٹس کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہوا ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ اس مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کردیا ہے، پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، وہ انتخابات سے ڈرے ہوئے ہیں اس لیے وہ پاکستان کے آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے خلاف جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ساری قوم کو کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کے مستقبل اور اس ملک کے مستقبل کو بچانے کے لیے آپ سب نے ساڑھے 5 بجے ایک گھنٹے کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکلنا ہے اور چیف جسٹس کو بتانا ہے کہ ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے چیف جسٹس اور پاکستان کے آئین کے لیے ہفتے کو پھر 4 ریلیاں کررہا ہوں، میں لاہور میں ریلی کی قیادت کروں گا، اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلی ہوگی، یہ ساری ریلیاں اس لیے ہوں گی کہ ہم اپنے چیف جسٹس کو بتاسکیں کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں