دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میں ٹیموں کی سالانہ رینکنگ جاری کر دی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹیموں کی سالانہ درجہ بندی کی فہرست کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کا راج برقرار ہے۔ ٹیسٹ ریکنگ میں کینگروز ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہیں اور پوائنٹس 119 سے بڑھ کر 128 ہوگئے ہیں، بھارتی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے اور انگلش ٹیم کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے جو اب چھٹی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔
ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا پہلا نمبر ہے جسے انگلینڈ کے چیلنج کا سامنا ہے، دونوں ٹیموں میں ایک رینکنگ پوائنٹ کا فرق ہے، نیوزی لینڈ کے 125 پوائنٹس ہیں۔ون ڈے میں آسٹریلیا کا تیسرا اور بھارت کا چوتھا نمبر ہے جب کہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم کی ایک درجے بہتری آئی ہے اور قومی ٹیم کا پانچواں نمبر ہو گیا ہے، اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کی ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے ۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھارت کی پہلی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے اور اس کا 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلا نمبر ہے جب کہ انگلینڈ کا 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے، پاکستان ٹیم کا تیسرا نمبر برقرار ہے۔جبکہ جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی میں بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔