لاہور: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر کی مدت ملازمت آج ختم ہو رہی ہے جس کے بعد مرکزی بینک کے نئے گورنر کیلئے چار نام سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری کیلئے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے اور چار ناموں پر غور کیا جا رہا ہےجن میں حبیب بینک لمیٹڈ کے صدر اورنگزیب خان، اے ڈی بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نور احمد، سابق سیکرٹری خزانہ شاہد محمود اور عاصم معراج حسین شامل ہیں، اسٹیٹ بینک کے نئے گورنر کی تقرری پانچ سال کے لیے ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر کی تین سالہ مدت 4 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ان کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، میں نے ان سے بات کی ہے اور انہیں حکومت کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے ۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف کے سابق عہدیدار ڈاکٹر رضا باقر کو عمران خان کی پی ٹی آئی حکومت نے 2019 میں بطور گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیا تھا۔