اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ رواں سال صدقہ فطر اور فدئیے کی کم از کم رقم 140 روپے فی کس ہے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان نے اپنے بیان میں فطرے اور فدئیے کی کم از کم رقم 140 روپے فی کس بتاتے ہوئے کہا کہ اہل ثروت اپنے مالی معیار کے مطابق فطرہ و فدیہ ادا کریں۔
مفتی منیب الرحمان کے مطابق جو کے نصاب سے 320 روپے اور کھجور کے نصاب سے 960 روپے صدقہ فطر بنتا ہے جبکہ کشمش کے نصاب سے فطرہ و فدیہ 1920 روپے بنتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ اعتکاف بیٹھے ہیں جبکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان لیلتہ القدر کی تلاش میں طاق راتوں کے دوران عبادات میں مصروف ہیں۔
پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتہ 23 مئی کو طلب کیا گیا ہے، پاکستان میں شوال کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی کمیٹی اور زونل کمیٹیاں چاند کی شہادتیں موصول کریں گی جس کے بعد ہی عیدالفطر کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ پاکستان بھر میں عیدالفطر 24 مئی کو ہو گی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اسی روز عیدالفطر ہو گی جن میں انڈونیشیا، ملائیشیا، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک شامل ہیں۔
رواں سال صدقہ فطر اور فدئیے کی کم از کم رقم کتنی ہے؟ مفتی منیب الرحمان نے بتا دیا
11:35 PM, 4 May, 2021