لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کے پھلاﺅ میں اضافے کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز نے کراچی میں شیڈول چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے لیگ میں شامل تمام ٹیموں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے بجائے میچز یو اے ای میں کروانا زیادہ مناسب ہو گا تاہم بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ میچز یو اے ای منتقل کرنے کیلئے فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں اور بورڈ اعلان شدہ شیڈول کے مطابق تیاریوں میں مصروف ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائزرز سمیت سب کی مشاورت سے میچز کے پروگرام کا اعلان کیا جا چکاہے اور اس میں ابھی تک کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی، پی سی بی نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی اجازت سے یکم جون سے لیگ کے باقی میچز کرانے کا اعلان کررکھاہے اور اس مقصد کیلئے تیاریاں بھی جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) این سی او سی حکام کیساتھ رابطے میں ہے اور اس حوالے سے جو بھی گائیڈ لائنز ملیں گی اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ، پی ایس ایل فرنچائزز نے میچز یو اے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا
10:48 PM, 4 May, 2021