لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے پلیٹ فارم سے نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہیے، حکومت اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو ارسال کردے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصلاحات کی ضرورت رہتی ہے تاہم ہمارے خیال میں حکومت ہر قسم کی ساکھ کھو چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مروجہ قوانین کے ذریعے بہترین الیکشن کرائے جا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے الیکشن میں اداروں کی مداخلت کو ختم کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، اس لئے ہم چاہتے ہیں قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اگر حکومت سنجیدہ ہے تو اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دے جو اس پر اتفاق رائے پیدا کرے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یکطرفہ کارروائی کا مقصد دال میں کچھ کالا ہے، اگر اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں تو دھاندلی کا منصوبہ ہو گا، الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے کوئی بھی نتائج بدل سکتا ہے۔