فرانس میں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی لگانے کا بل پیش

09:04 PM, 4 May, 2021

پیرس،فرانس میں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی لگانے کا بل پیش کردیا گیا، بل کے خلاف سوشل میڈیا اور مسلمان لڑکیوں کی حمایت میں ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر آج کل ٹرینڈ   HandsOffMyHijab    ٹاپ پر ہے۔ یہ ٹرینڈ سولہ سالہ مریم کے حق میں چلایا گیا ہے جو مسلمان گھرانے کی لڑکی ہیں اور حجاب کو آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار سمجھتی ہیں۔

مریم اس وقت حجاب لگائے فرانسیسی گلیوں اور شاہراہوں میں گھومتی ہیں لیکن انہیں ڈر ہے کہ جلد ہی ان سے یہ حق چھین لیا جائے گا کیوں کہ فرانسیسی سینیٹرز نے ایک بل پیش کردیا ہے جس میں عوامی مقامات پر 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی ہوگی۔

 اس حوالے سے مریم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حجاب میری شناخت کا حصہ ہے، مجھے یہ ہٹانے پر مجبور کرنا ذلت کی بات ہوگی، میں سمجھ نہیں سکی کہ وہ ایسا قانون کیوں منظور کرنا چاہیں گے جو امتیاز برتتا ہو۔

واضح رہے کہ فرانس نے 2004ء میں سرکاری اسکولوں میں اسلامی ہیڈ اسکارف پہننے پر پابندی عائد کردی تھی اور 2010ء میں گلیوں، پارکوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور انتظامی عمارتوں جیسے عوامی مقامات پر مکمل چہرے والے نقاب پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزیدخبریں