تحریک انصاف کا این اے 249 میں دوبارہ انتخاب کا مطالبہ

05:31 PM, 4 May, 2021

اسلام آباد: تحریک انصاف نے این اے 249 میں دوبارہ انتخاب کا مطالبہ کر دیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے بجائے انتخاب ہونا چاہیئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے 4 حصے ہیں، ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے، انتخابی اصلاحات کا دوسرا حصہ ای ووٹنگ ہے، ای ووٹنگ بنیادی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہے، ہم چاہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے، کابینہ نے 2 آرڈیننس کی منظوری دی، الیکشن کمیشن ای وی ایم مشین استعمال کرسکے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی سیاست کے خاتمے کا وقت قریب ہے، ہمارے اوپر نابالغ لیڈر شپ مسلط ہے، جسے پارلیمان کے کردار کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں وراثتی سرٹیفکیٹ لینے کیلئے مدت لگ جاتی تھی، اب وراثتی سرٹیفکیٹ لینے کیلئے عدالت نہیں جانا پڑتا، اب نادرا فیملی ٹری دیکھ کر وراثتی سرٹیفکیٹ جاری کر دیتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی وراثتی سرٹیفکیٹ کی سہولت کا آغاز کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی رعایت دی گئی ہے، سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا، 65 سال سے زائد مرد قیدی اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں کو سزاؤں میں رعایت دی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا سرکاری ملازمین نوکری سے استعفیٰ دیئے بغیر ایم پی ون اور ایم پی ٹو سکیل لے سکیں گے۔

مزیدخبریں