ملک کے مختلف شہروں سے یومِ علیؓ کے جلوس برآمد

12:47 PM, 4 May, 2021

لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں یوم علیؓ کے سلسلے میں جلوس نکالے گئے، جن میں کورونا ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا گیا۔

لاہور میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صبح صادق کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے جلوس کیساتھ ساتھ چلیں۔

سیکیورٹی کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے تمام گلیاں، بازار اور جلوس کے راستوں سے ملحقہ سڑکوں کو قناعتیں اور خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا تھا۔

شہر قائد میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکلا اس سلسلے میں ایک مجلس بھی منعقد کی گئی جس سے معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کے سامنے فضائل حضرت علیؓ بیان کیے۔

مجلس کے بعد یوم علیؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سےاپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسنیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جلوس کے راستوں میں آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ جلوس کی گزرگاہ میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹیں بھی بند ہیں۔

مزیدخبریں