بھارت میں تعینات تنزانیہ کا سفارتکار کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گیا

08:56 AM, 4 May, 2021

نئی دہلی : بھارت میں غیر ملکی سفارتکار بھی کورونا سے غیر محفوظ ،بھارت میں تعینات تنزانیہ  کا  سفارتکار  کورونا وائرس سے جان کی بازی  ہار گیا ۔

بھارتی  میڈیا کے مطابق تنزانیہ کے سفارتکار   کرنل ڈاکٹر موسیس   کو کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد  ایک کو دہلی  کے   نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ جاں بحق ہو گئے ۔

اس سے قبل  بھارت میں نیوزی لیند اور فلپائن کے ہائی کمیشنز نے بھارتی حکومت سے اکسیجن فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ۔بھارت میں اب تک کورونا سے  2 لاکھ 20 ہزار 6 سو 71 اموات ہو چکی ہیں ۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی وبا بے قابو ہوچکی ہے ،بھارت میں کورونا کے پھیلاو میں کمی نہیں آ رہی ، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین لاکھ اڑسٹھ ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہو گئی ، وبا کا شکار ہونے والے تین ہزار چار سو سترہ افراد موت کے منہ میں چلے گئے ۔

ملک میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث وزارت ریلوے نے چار ہزار بوگیوں کو وارڈز میں تبدیل کر دیا ، بوگیوں میں مریضوں کیلئے چونسٹھ ہزار بیڈز لگائے گئے ہیں ، بھارت میں پندرہ کروڑ بہتر لاکھ افراد کو کورونا ویکسین بھی لگائی جا چکی ہے ۔

واضح رہے کہ مختلف ممالک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 15 کروڑ ، 34 لاکھ 98 ہزار 53 ہوگئی جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات 32 لاکھ 16 ہزار383 ہوگئیں ۔ دنیا بھر میں کورونا سے متاثر 13 کروڑ ، 8 لاکھ ، 33 ہزار 944 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں ۔

ادھر پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 79 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہزار 149 ہوگئی ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 45 ہزار 954 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 4 ہزار 213 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ، ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.16 فیصد رہی ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے ، ان کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی ، خورشید شاہ کے چھوٹے صاحبزادے زیرک شاہ کی بھی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے ۔

مزیدخبریں