اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ میاں شہباز شریف نیب کے سوالوں کے درست جواب نہیں دے سکے، ان کی پیشی کے بعد لیگی رہنماؤں میں غصہ پایا گیا۔
شبلی فراز کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے تھے عوام کے لیے واپس آئے لیکن ابھی تک ان کو لیپ ٹاپ کے سامنے ہی دیکھا ہے۔ قوم کبھی نہیں بھولے گی مشکل وقت میں (ن) لیگ نے اپنی ذات پر توجہ دی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں نیب کو ہمیشہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا لیکن وزیراعظم عمران خان نے اداروں کو افراد کے بجائے قانون کے ماتحت کیا۔ ہمارے دور میں نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پریس کانفرنس کے بجائے سوالوں کے جواب دیں۔ پوری قوم کو پتا ہے اقتدار (ن) لیگ کی سوچ کا محور رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنی ذات کو فائدہ پہنچایا۔ انھیں ماڈل ٹاؤن میں ٹی ٹیز کے جوابات دینا ہوں گے۔