اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داری ادا کریں یا گھر جائیں،عمران خان شطر مرغ بننے کی کوشش نہ کریں،ہربحران میں خان صاحب ایسے ہاتھ کھڑے کر دیتے ہیں جیسے طوفان میں شطر مرغ ریت میں منہ چھپا لیتا ہے،خان صاحب اٹھارہویں ترمیم کی آڑ میں ذمہ داریوں سے بھاگ رہے ہیں۔
مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داری ادا کریں یا گھر جائیں،ایسے نہیں چل سکتا ہے کہ آپ وزیراعظم ہیں بھی اور نہیں بھی ہیں،عمران خان شطر مرغ بننے کی کوشش نہ کریں،ہربحران میں خان صاحب ایسے ہاتھ کھڑے کر دیتے ہیں جیسے طوفان میں شطر مرغ ریت میں منہ چھپا لیتا ہے۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ شطر مرغ کو کہو کہ وزن اٹھاﺅ تو کہتا ہے کہ پرندہ ہوں،جب شطر مرغ کو اڑنے کا کہا جائے تو کہتا ہے کہ میں تو اونٹ ہوں،خان صاحب بھی شطر مرغ کی طرح ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں.
خان صاحب اٹھارہویں ترمیم کی آڑ میں ذمہ داریوں سے بھاگ رہے ہیں،صوبے اپنا اپنا فیصلہ کرتے ہیں تو پھر یہ وزیراعظم بن کر مخالفت میں سامنے کھڑے ہو جاتے ہیں،کورونا جیسی وبا سی نمٹنے کیلئے وزیراعظم کا شطرمرغ والا انداز نہیں چلے گا.
عمران خان ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ملک کے وزیراعظم ہیں،ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے دلیری اور جرئت سے فیصلے کرنا ہوں گے،غیرمقبول فیصلے لینے سے ڈرنے والی کبھی قوموں کی قیادت نہیں کر سکتے۔