واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ کورونا وائرس سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ امریکی ہلاک ہو سکتے ہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ رواں سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کر لی جائے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو کے دوران نے کہا کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے 75 اور 80 ہزار سے ایک لاکھ لوگ مر سکتے ہیں جو ایک خوفناک خیال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ملک کی حیثیت سے بند نہیں رہ سکتے یا ہم ملک کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ موسم خزاں یعنی ستمبر میں سکول اور کالج کھول دیئے جائیں، ہم کورونا وباءپر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ وفاق کورونا وائرس سے بحالی کی امداد 3 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر 6 ٹرلین ڈالر کر دے اور ایسا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر خزانہ سٹیون منوچن وک ہدایت کی ہے کہ ہم اس وقت تک کچھ نہیں کر رہے جب تک ہمیں پے رول ٹیکس(payroll tax) میں کٹوتی نہ ہو۔