رینالہ خورد: وزیراعظم عمران خان نے رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ہاؤسنگ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا گزشتہ حکومتوں نے آسان کام کیے ہیں لیکن ہم مشکل کام کر رہے ہیں اور ہمیں 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس معاشرے میں احساس نہ ہو وہ معاشرہ کبھی آگے نہیں بڑھتا اور ترقی یافتہ معاشروں میں حکومتیں اپنے عوام کی ضروریات پوری کرتی ہیں۔
اس سے قبل لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے ملاقات کی اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ اداروں کو تباہ کیا اور عام آدمی کی زندگی کو بھی متاثر کیا۔