گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کے نام نیا ٹوئٹ کر دیا

گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کے نام نیا ٹوئٹ کر دیا
کیپشن: ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کے حیلے بہانے نہیں چلیں گے، علی ظفر۔۔۔۔۔فوٹو/ گلوکار آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ جاری ہے۔ گلوکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ میں میشا شفیع کو ایک بار پھر عدالت کا سامنا کرنے اور ہتک عزت کے عوض جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کرنے کے عمل کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کے حیلے بہانے نہیں چلیں گے اور فرار اختیار کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

خیال رہے میشا شفیع نے چند دن قبل ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ وہ عارضی طور ٹوئٹر سے بریک لے رہی ہیں کیونکہ نامور ویب شو ’گیم آف تھرونز‘ کی اگلی اقساط سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پیشگی تبصروں کی وجہ سے شو کا مزا کرکرا نہیں کرنا چاہتی۔

میشا نے مزید کہا تھا کہ ان کے بریک لینے کی وجہ یہ ہرگز نہیں کہ میں سوشل میڈیا پر اپنے خلاف چلنے والی مہم کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس کا مقابلہ میں نے گزشتہ برس بھی کیا اور ایسا ہر جان لیوا امتحان آپ کو مزید مضبوط بناتا ہے۔