ایم کیوایم پاکستان کو تقسیم کرنےوالے خود تقسیم ہوجائیں گے:فاروق ستار

11:50 PM, 4 May, 2018

کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کو تقسیم کرنےوالے خود تقسیم ہوجائیں گے، ایم کیوایم میرٹ، انصاف کا نظام پاکستان میں قائم کرنا چاہتی ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹنکی گراؤنڈ میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نے ہمیں ہمارے گھر میں آکر چیلنج کیا، جس پر شکریہ ادا کیا.

فاروق ستار کا کہنا تھا کا 23 اگست کے بعد چھوٹے چھوٹے جلسے کرکے نیٹ پریکٹس کی، ہم تو چاہتے تھے کہ کوئی ہمارے مقابلے میں آئے، مگر ٹنکی گراؤنڈ میں سرکاری ملازمین کو لاکر ایک جلسی کی گئی ہے.

انھوں نے مزید کہا کہ کرائے کے لوگوں کی جلسی اور دل سے آنے والوں کے جلسےمیں فرق بتائیں گے، ٹنکی گراؤنڈ میں ایم کیوایم کا تاریخی جلسہ ہوگا ،اب مزا آئے گا.

انھوں نے دعویٰ کیا کہ کل ایم کیوایم کا جلسہ 1986 کے جلسے کی یاد تازہ کردے گا، نشترپارک کے بڑے بڑے جلسوں کے بھی ریکارڈ توڑ دیں‌ گے.

انھوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام بڑوں اور چھوٹوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب ہماری باری ہے، اب ہماری بیٹنگ ہے، باجیاں کہہ رہی ہیں، بلاول کے جلسے کا جواب دینے کے لئے ہم ہی کافی ہیں.

انھوں نے کہا کہ ہم سب کوخوش کرنے کی مہم پر نکلے ہوئے ہیں، امتحان سے پہلے جو تیاری کرنی ہوتی ہے، وہ ہم نے کرلی ہے.

ایک سوال کے جواب میں‌ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فاروق ستار بھائی میرا ٹائٹل ہے، میری شناخت ایم کیو ایم پاکستان ہے اور رہے گی.

مزیدخبریں