اسلام آباد: وفاقی مذہبی امور سردار یوسف نے سرکاری حج سکیم کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں 17921 خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کردیا جو رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ، سکیم کے تحت 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو قرعہ اندازی سے مستشنیٰ قرار دے کر کامیاب قرار دیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تین سال یا زائد بار سے حج درخواستیں دینے والے 12237 افراد کو اس بار بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 80 سال سے زائد عمر والے 4928 زائرین کو بمعہ معاون بھی سرکاری کوٹے پر بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ایسے معمر افراد بھی رواں سال حج پر جاسکیں گے جبکہ اگر 7 فیصد کوٹے کا عدالتی فیصلہ وزارت کے حق میں آیا تو 17562 درخواستوں کی قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ 10 فیصد سرکاری اسکیم میں قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے افراد بینکوں سے رقم واپس لے سکتے ہیں اور جو لوگ رقوم واپس نہیں لیں گے انہیں اگلی بار 7 فیصد کی قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔
وفاقی مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت 10 فیصد عازمین حجازِ مقدسہ جائیں گے جبکہ ڈالر ریٹ کی قدر میں ہونے والے اضافے کی 4 ارب سے زائد رقم حکومت حاجیوں کو خود سے ادا کرے گی۔
عازمین کی فنگر پرنٹس لینے کی پالیسی کے حوالے سے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسا کوئی حکم وزارت کو موصول نہیں ہوا، وزارتِ خارجہ نے فنگر پرنٹس کے استشنیٰ کی درخواست بھی سعودی حکام کے حوالے کردی اُس کا بھی تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔