خلائی مخلوق کا توڑ پاکستان کی عوام کرے گی: احسن اقبال

09:49 PM, 4 May, 2018

لاہور: وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کر سکتی، اب 20 کروڑ عوام ہی خلائی مخلوق کا توڑ کرے گی ،مخالفین چور دروازے سے نہیں بلکہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کریں،عدلیہ کو بھی سیاسی تنازعات سے بالا تر ہونا چاہیے، کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں عدلیہ کا بہت احترام ہے اور کبھی عدلیہ کے خلاف بیان نہیں دیا۔ میں نے صرف اصولی بات کی پھر بھی ہائی کورٹ نے طلب کیا اور میں حاضر ہوگیا کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں پاکستان کی کامیابی آئین کی پاسداری میں ہے، میرے سیاسی حریف ابرالحق شوق سے سپریم کورٹ بھی چلے جائیں جہاں انہیں پہلے جانا چاہیے تھا وہ ایک بار پھر شرمندہ ہوں گے۔ عدلیہ کو بھی سیاسی تنازعات سے بالا تر ہونا چاہیے، کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانا ملکی مفاد میں نہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اب گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں چلے گی: شاہد خاقان عباسی
 احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوچ ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے ہمیں ہرا نہیں سکتے اس لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر عدالتوں کا سہارا لے رہے ہیں، مخالفین کو کہتا ہوں کہ وہ چور دروازے سے نہیں بلکہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کریں، پاکستانی عوام کا مقابلہ کوئی خلائی مخلوق نہیں کرسکتی اور اب تو 20 کروڑ عوام ہی مخلوق کا توڑ کرے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری، آئی ایس پی آر
 انہوں نے کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں جیسی پالیسیاں ہم نے بنائیں کوئی دوسرا ملک نہیں بنا سکتا لیکن ٹی وی پر آنے والے سقراط و بقراط لوگوں کو پاکستان میں سب ستیاناس نظر آتا ہے۔ ہمارے مخالفین نے لیپ ٹاپ منصوبے کو رشوت کا نام دیا جو غلط ہے، نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے لیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اس کی تقسیم میں کسی سیاسی وابستگی کو نہیں دیکھا گیا۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں