نئی دہلی: بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کو مرنے کے بعد فلم ’موم‘ پر بہترین اداکاری کرنے پر نیشنل ایوارڈ سے نوازدیا گیا۔ایوارڈان کے شوہر ہدایت کاربونی کپور اور ان کی دونوں بیٹیوں خوشی اورجھانوی کپورنے وصول کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں 65 ویں نیشنل ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو بہترین اداکارہ کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ فلم ”موم “ میں سری دیوی نے ایسی ماں کا کردارادا کیا تھا جو اپنی بیٹی کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچاتی ہے۔
اس موقع پر جھانوی کپور نے تقریب میں شرکا سے کہا میں تمام جیوری ممبرز اورحکومت کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری والدہ کے کام کوسراہا اور انہیں اس ایوارڈ سے نوازا، یہ ہمارے خاندان کیلئے بہت اہم لمحات ہیں۔
واضح رہے کہ سری دیوی دوماہ قبل دبئی میں باتھ ٹب میں ڈوب کرہلاک ہوگئی تھیں ان کی موت پران کے چاہنے والوں سمیت پوری بالی ووڈ انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی تھی۔