نیو یارک: امریکن ایئر لائنز اپنے فلیٹ میں شامل نئے طیاروں کی اکانومی کلاس کی نشستوں کے درمیانی فاصلے کو مزید 2 انچ کم کررہی ہے، جس کا مقصد طیارے میں سیٹوں کی تعداد بڑھانا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکن ایئر لائنز کے لیے تیار کیے جانے والے بوئنگ 737 جیٹ طیاروں میں سیٹوں کا درمیانی فاصلہ 29 انچ کیا جا رہا ہے ، جب کہ اس وقت یہ فاصلہ 31 انچ ہے۔ نشستوں کے درمیان فاصلے میں کمی مسافروں کو اپنی ٹانگیں پھیلانے کے لیے کم جگہ ملے گی۔ تاہم ایئر لائنز کے مطابق نئی نشستیں اس طرح ڈیزائن کی گئی ہیں کہ فاصلے میں کمی سے مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔
طیارے میں آمدورفت کے لیے نشستوں کی قطاروں کا درمیانی فاصلہ بھی 31 انچ سے گھٹا کر 30 انچ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ طیارے میں مزید نشستوں کا اضافہ مسافروں کے لیے پریشانی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ مسافر وں میں پرانے طیاروں، مختلف سہولتوں کی قیمتوں میں اضافے اور عملے کے رویے کی وجہ سے پہلے ہی برہمی پائی جاتی ہے۔