لاہور:بہت سے پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں کام کر کے نام کمایا ہے لیکن بعض ایسے پاکستانی فنکار بھی ہیں جو بھارتی فلموں میں کام نہیں کرنا چاہتے اس کے بر عکس اڑی حملے کے بعد کی پابندی کے بعد اب تک کسی پاکستانی فنکار کا نام سامنے نہیں آیا تھا جو بھارتی فلموں میں کام کررہا ہو۔لیکن اب پاکستانی ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مدیحہ امام ہندی فلم ’ڈئیر مایا‘ میں کام کریں گی ۔
حالیہ دیے گئے ایک انٹرویو میں مدیحہ کا کہنا تھا کہ ’فلم میں میرے کردار کا نام عینا ہے، 16 سال کی یہ لڑکی شملہ میں رہتی ہے، جس کی بہترین دوست کا نام ایرا ہے، عینا اپنے پڑوس میں رہنے والی ایک خاتون کے بارے میں جاننا چاہتی ہے، جو 20 سالوں سے اسی گھر میں رہائش پزیر ہیں‘۔
اس فلم کی پروڈکشن بیک مائے کیک کمپنی نے کی، جس کی کہانی سنینا بھٹناگر نے لکھی اور انہوں نے ہی اس فلم کی ہدایات بھی دی۔
مدیحہ نے مزید بتایا ’اس فلم کی کہانی دوستی، پیار، خاندان اور زندگی کو بھرپور جینے کے حوالے سے ہے، میں اسے رومانوی یا کامیڈی تو نہیں کہوں گی، میرے خیال سے یہ ایک ڈرامہ فلم ہے جس میں سب کو پیش کیا جائے گا‘۔
سنینا بھٹناگر کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے مدیحہ کا کہنا تھا ’ہدایت کار اس فلم کے لیے کسی کو ڈھونڈ رہی تھیں، انہوں نے میرا ایک میوزک شو آن لائن دیکھا، جس کی میں میزبانی کررہی تھی، اس کے کچھ دن بعد انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا‘۔
اچانک آفر ملنے کے باوجود بھی مدیحہ نے اس سے انکار نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا، ’ہدایت کار نے مجھے فلم کی کہانی سنائی، پلاٹ بتایا، لیکن جواب دینے کے لیے میں نے ان سے کچھ وقت مانگا، پھر مجھے کہانی پسند آئی اور میں نے کام کی حامی بھرلی‘۔واضح رہے کہ سنینا کی بطور ہدایت کار یہ پہلی فلم ہو گی۔