لاہور: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں برس سات ڈالر فی بیرل تک کم ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے چار ماہ کے دوران پانچ مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کرتے ہوئے کم کرنے کی بجائے بڑھا دیں۔جنوری سے مئی کے آغازتک عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 54ڈالر 94سینٹس سے کم ہو کر 47ڈالر 65سینٹس پر آ گئی ، لیکن پاکستان میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے ۔
حکومت نے گزشتہ چار ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پانچ مرتبہ مرحلہ وار بڑھائیں۔ جنوری میں پٹرول 66روپے سے مہنگا کر کے 68روپے ، فروری میں 71.29روپے ، مارچ میں 73 روپے اور اپریل میں پٹرول کی قیمت 74روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود حکومت نے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں کمی تو نہ کی ،البتہ قیمتوں کو مستحکم رکھ کر قوم پر ایک احسان ضرور کر دیا ۔