بنوں: سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دہشت گردوں نے افطار کے بعد بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دو بارود سے لدی گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، جس کے نتیجے میں دھماکے ہوئے اور مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک رہائشی گھر کی چھت بھی گر گئی۔
سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے چھ خوارج ہلاک ہوگئے اور باقی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکوں میں بعض شہری زخمی ہو گئے ہیں اور شہادتوں کی اطلاعات بھی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کا کلیرنس آپریشن جاری ہے اور علاقے میں مکمل صفائی کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مزید کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو روکا جا سکے۔