دبئی :بھارت نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ بھارت کا پانچواں فائنل ہے اور مسلسل تیسرا فائنل ہے جو بھارت نے کوالیفائی کیا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 265 رنز کے ہدف کو بھارت نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بھارت کے اہم بلے باز ویرات کوہلی نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
دیگر بھارتی کھلاڑیوں میں شریاس ایئر نے 45، روہیت شرما نے 28 اور اکشر پٹیل نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ اختتامی لمحات میں ہاردیک پانڈیا نے 28 رنز کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کے ایل راہول نے 42 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زیمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوپر کونولی اور بین ڈورشوئس نے ایک ایک وکٹ لی۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کو ابتدا میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن تیسرے اوور میں 4 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد، آسٹریلوی بیٹرز نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی اور 8 اوورز میں اسکور 53 تک پہنچا دیا۔
اگلے اوور میں، آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 54 رنز پر گری، جب ٹریوس ہیڈ 39 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اسٹیو سمتھ اور مارنس لبوشین نے مل کر پارٹنرشپ بنائی، اور ٹیم کو 110 تک پہنچایا، لیکن لبوشین 29 رنز بنا کر جاڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
آگے جا کر، آسٹریلوی بلے بازوں نے اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، لیکن جوش انگلس 11 رنز بنا کر جاڈیجا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اسٹیو سمتھ نے اس کے باوجود رنز بنانا جاری رکھا اور ایلکس کیری کے ساتھ 50 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ تاہم، اسمتھ 73 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
نئے آنے والے بلے باز گلین میکسویل نے چھکا مارا، لیکن اگلی ہی گیند پر وہ ورون چکرورتی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد، ایلکس کیری نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیل کر آسٹریلوی اسکور کو آگے بڑھایا، تاہم وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔
بین ڈارشوئس نے 19 رنز، ایڈم زیمپا نے 7 اور نیتھن ایلس نے 10 رنز بنائے، جس کے بعد آسٹریلیا کا اسکور 264 تک پہنچا۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رورن چکرورتی اور رویندرا جاڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، اور ہاردیک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارت کی شاندار کارکردگی نے انہیں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں جگہ دلائی، جہاں وہ ایک اور شاندار مقابلہ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔